اسلام آباد : پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ ن کا ایک وفد پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور ان سے ملاقات کے لیے آیا تھا، جس دوران وزیراعظم نے 27ویں آئینی ترمیم کی حمایت کی درخواست کی۔
سوشل میڈیا پر ایک بیان میں بلاول بھٹو نے بتایا کہ اس ترمیم میں آئینی عدالت کے قیام، ایگزیکٹو مجسٹریٹس اور ججز کے تبادلے کی تجویز شامل ہے۔ اس کے علاوہ، این ایف سی ایوارڈ میں صوبوں کے حصے کا تحفظ ختم کرنے کا بھی ذکر کیا گیا ہے، جبکہ آرٹیکل 243 میں ترمیم اور وفاق میں تعلیم اور آبادی کی منصوبہ بندی واپس کرنے کی تجاویز بھی پیش کی گئی ہیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے یہ بھی کہا کہ ترمیم میں الیکشن کمیشن کی تقرری پر ڈیڈ لاک توڑنے کے لیے اقدامات شامل ہیں۔ بلاول نے مزید بتایا کہ صدر آصف علی زرداری کی قطر سے واپسی کے بعد 6 نومبر کو پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس ہوگا، جس میں پارٹی اپنی پالیسی پر فیصلہ کرے گی۔