Wed, September 16, 2026

عالمی برادری مسئلہ کشمیر کے حل میں کردار ادا کرے، بلاول بھٹو زرداری کا مطالبہ

عالمی برادری مسئلہ کشمیر کے حل میں کردار ادا کرے، بلاول بھٹو زرداری کا مطالبہ

اسلام آباد : چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عالمی برادری کو جنوبی ایشیا میں قیامِ امن کے لیے سنجیدہ اور مؤثر کردار ادا کرنا ہوگا، خاص طور پر مسئلہ کشمیر جیسے دیرینہ تنازع کے حل کے لیے۔

ایک غیر ملکی نشریاتی ادارے کو دیے گئے انٹرویو میں بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمیشہ مذاکرات کے ذریعے مسائل حل کرنے کا حامی رہا ہے، لیکن بھارت کا رویہ تصادم پر مبنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے مذاکرات سے انکار کر کے خود ہی واضح کر دیا کہ موجودہ حالات بات چیت کے لیے موزوں نہیں۔

بلاول نے مزید کہا کہ پاکستان نے دفاعی صلاحیت کا بھرپور مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت کے چھ جنگی طیارے مار گرائے، اور یہ حقیقت ہے کہ بھارت کو عسکری سطح پر شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں یہ بھی سوچنا ہوگا کہ کون سے ذرائع ابلاغ عوام کو گمراہ کر رہے ہیں، اور کن حکومتوں نے جنگی صورتحال میں سچ چھپایا۔

انہوں نے زور دیا کہ پائیدار جنگ بندی اور خطے میں دیرپا امن کے قیام کے لیے عالمی قوتوں کو غیر جانبدار کردار ادا کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کشیدگی کم کرنے کا خواہاں ہے، لیکن بھارت کے انکار اور جارحانہ پالیسیوں کی وجہ سے پیش رفت ممکن نہیں ہو رہی۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل میں اپنا عملی کردار ادا کرے تاکہ جنوبی ایشیا کو جنگ کے خطرات سے نکال کر امن کی راہ پر ڈالا جا سکے۔

ٹیگز: