اسلام آباد :وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے بھارت کو سخت پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر موجود ایک دیرینہ عالمی تنازع ہے جسے بھارت کسی صورت اپنا "اندرونی معاملہ" قرار نہیں دے سکتا۔
'معرکہ حق' کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادیں عالمی ریکارڈ کا حصہ ہیں۔ انہوں نے بھارتی پراپیگنڈے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں ہونے والی دہشت گردی اس کا اپنا داخلی مسئلہ ہے، مگر کشمیر کی تحریکِ آزادی ایک عالمی سطح پر تسلیم شدہ حقیقت ہے۔
عطا اللہ تارڑ نے حالیہ بھارتی الزامات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا "بھارت نے ہمیشہ پاکستان کے خلاف جارحانہ رویہ اپنایا ہے۔ پہلگام واقعے کی مثال سب کے سامنے ہے، جہاں بغیر کسی انکوائری کے پاکستان پر الزام مڑھ دیا گیا۔ حقیقت یہ ہے کہ پہلگام سرحد سے بہت دور بھارتی فوج کے محفوظ ترین مرکز کے اندر واقع ہے، جہاں بھارتی سیکیورٹی کی موجودگی میں ایسی کسی کارروائی کا الزام مضحکہ خیز ہے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن اسٹیٹ کا کردار ادا کرتے ہوئے بھاری قیمت چکائی ہے۔ بھارت اپنی اندرونی شورش اور مقبوضہ وادی میں ہونے والے مظالم سے عالمی برادری کی توجہ ہٹانے کے لیے پاکستان کے خلاف من گھڑت کہانیاں گھڑنا بند کرے۔ پاکستان کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کے لیے اپنی سفارتی اور اخلاقی جدوجہد جاری رکھے گا۔