واشنگٹن : امریکا میں ایک ہفتے کے دوران موسم سرما کا تیسرا طوفان آ گیا ہے، جس کی وجہ سے کئی ریاستیں سرد ہواؤں، برف باری اور بارشوں سے متاثر ہو چکی ہیں۔ پنسلوینیا، اِلی نوائے، مشی گن اور الاسکا سمیت مختلف علاقوں میں نظام زندگی مفلوج ہوگیا ہے اور شہری برف کی وجہ سے گھروں میں محصور ہیں۔
نیویارک میں 3.5 انچ تک برف پڑ چکی ہے، جبکہ ہوائی اڈوں پر کھڑے طیارے برف سے ڈھک گئے ہیں۔ اس شدید موسم کی وجہ سے فلائٹ آپریشن متاثر ہو رہا ہے۔ ریاست انڈیانا کی شاہراہ پر برف کی پھسلن کے باعث 40 سے زائد گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔ حکام نے لوگوں کو غیر ضروری سفر سے بچنے کی ہدایت کی ہے۔
امریکی محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں اور برف باری کی پیشگوئی کی ہے۔ دوسری جانب برطانیہ میں بھی شدید برف باری کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔ 9 اور 10 دسمبر کو انگلینڈ اور اسکاٹ لینڈ کے کچھ علاقوں میں درجہ حرارت منفی 2 ڈگری تک گرنے اور برف باری کی توقع ہے۔