واشنگٹن : واشنگٹن سے رپورٹ: امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے برطانیہ، فرانس اور دیگر مغربی ممالک کی طرف سے فلسطینی ریاست کے قیام کی کوششوں کو غیر ضروری اور نقصان دہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ فلسطینی ریاست صرف اسرائیل کی منظوری سے بن سکتی ہے، اور مغربی ممالک کے پاس اس حوالے سے کوئی حقیقی اختیار نہیں۔
مارکو روبیو نے کہا کہ مغربی ممالک جو فلسطین کو تسلیم کرنے کا اعلان کر رہے ہیں، وہ حقیقت سے آنکھیں چرا رہے ہیں کیونکہ نہ تو وہ فلسطینی ریاست کا کوئی واضح نقشہ دے سکتے ہیں اور نہ یہ بتا سکتے ہیں کہ اس کی حکومت کون سنبھالے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کوششیں حماس کو تقویت دینے کے مترادف ہیں، جو آج بھی کئی یرغمالیوں اور لاشوں کو اپنے قبضے میں رکھے ہوئے ہے۔
انہوں نے مغربی ممالک پر الزام لگایا کہ یہ فیصلے اندرونی سیاسی دباؤ کے تحت کیے جا رہے ہیں نہ کہ امن قائم کرنے کی سچے ارادے سے۔ مارکو روبیو کا کہنا تھا کہ اس طرح کے اقدامات حماس کو مزید سخت موقف اپنانے کا موقع دیتے ہیں اور جنگ بندی کے امکانات کم کر دیتے ہیں۔
یہ بیان ایسے وقت میں آیا ہے جب فرانس، برطانیہ، کینیڈا اور دیگر ممالک نے ستمبر میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔