ممبئی : فٹبال کی دنیا کے نوجوان سٹار لامین یمال سے غیر معمولی مشابہت رکھنے والا بھارتی نوجوان ایلن جیمز ان دنوں سوشل میڈیا پر تیزی سے مقبول ہورہا ہے۔
کیرالا کے شہر کولم کے علاقے چکّوولی سے تعلق رکھنے والا 15 سالہ ایلن دیکھنے میں لامین یمال سے اس قدر مشابہ ہے کہ چہرے کے نقوش، بالوں کے سٹائل اور مسکراہٹ سمیت کئی انداز فٹبالر کی یاد دلاتے ہیں۔
ایلن کی یہ مشابہت مقامی لوگوں کے لیے پہلے سے ہی قابلِ توجہ تھی، تاہم وی لاگر نکھل منوہر نے جب اس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی تو دیکھتے ہی دیکھتے نوجوان کی شہرت میں نمایاں اضافہ ہوگیا۔
یمال کی جرسی پہن کر بنائی گئی ایلن کی ویڈیوز نے بھی سوشل میڈیا صارفین کی بھرپور توجہ حاصل کی۔ ان میں سے ایک ویڈیو انسٹاگرام پر 14 ملین سے زائد ویوز حاصل کرچکی ہے۔
خاص بات یہ ہے کہ ایلن کا فٹبال سے تعلق صرف یمال سے مشابہت تک محدود نہیں۔ وہ دسویں جماعت کا طالب علم ہے اور اپنے سکول کی فٹبال ٹیم میں بطور ڈیفینڈر کھیلتا ہے۔
ایلن فٹبال کے عالمی سپر سٹار لیونل میسی کا بھی مداح ہے، جبکہ ارجنٹائن کی قومی ٹیم اس کی پسندیدہ ٹیم ہے۔ یوں فٹبال سے اس کی دلچسپی بھی اسے اپنے ہم شکل لامین یمال کے مزید قریب کردیتی ہے۔