Wed, September 16, 2026

بارشوں اور سیلابی صورتحال پر حکومتی ادارے متحرک، امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت

بارشوں اور سیلابی صورتحال پر حکومتی ادارے متحرک، امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت

اسلام آباد: ملک میں جاری مون سون بارشوں اور پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے ایمرجنسی رسپانس کمیٹی کا نواں اجلاس این ڈی ایم اے ہیڈکوارٹرز کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) میں منعقد ہوا۔

اجلاس وزیراعظم کی ہدایت پر روزانہ کی بنیاد پر جاری رابطہ اجلاسوں کے سلسلے کی کڑی تھا، جس کی صدارت وفاقی وزیر منصوبہ بندی پروفیسر احسن اقبال نے ویڈیو لنک کے ذریعے کی۔ اجلاس میں وفاقی و صوبائی حکام سمیت متعلقہ اداروں کے نمائندگان شریک ہوئے۔

چیئرمین این ڈی ایم اے اور این ای او سی ٹیم نے کمیٹی کو ملک بھر میں مون سون کی صورتحال، حالیہ بارشوں سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات اور متاثرہ علاقوں میں جاری امدادی سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔

اجلاس میں گزشتہ روز کی بارشوں کے بعد پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال اور وفاقی، صوبائی و ضلعی اداروں کی جانب سے کیے گئے فوری اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ این ای او سی نے بتایا کہ آنے والے دنوں میں شمالی و وسطی علاقوں سمیت جنوب مشرقی سندھ کے بعض مقامات پر مزید بارشوں کا امکان ہے۔

این ڈی ایم اے نے متاثرہ علاقوں میں قومی و بین الاقوامی فلاحی اداروں کے تعاون سے جاری ریلیف آپریشنز پر بھی بریفنگ دی۔ اجلاس میں امدادی، ریسکیو اور بحالی کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تمام متعلقہ اداروں کو رابطہ کاری، پیشگی تیاری اور بحالی کے عمل کو مزید مؤثر اور تیز بنانے کی ہدایت کی گئی۔

ٹیگز: