Wed, September 16, 2026

ملک بھر میں سیلابی صورتحال کے باعث بیماریوں میں اضافہ، قومی ادارہ صحت کی وارننگ

ملک بھر میں سیلابی صورتحال کے باعث بیماریوں میں اضافہ، قومی ادارہ صحت کی وارننگ

خیبر پختونخوا: ملک کے مختلف علاقوں میں شدید سیلاب کے باعث پانی کی آلودگی اور کیڑوں کی کثرت کی وجہ سے صحت کے حوالے سے خطرات بڑھ گئے ہیں، جس پر قومی ادارہ صحت نے اہم ہدایات جاری کی ہیں۔

ادارے کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ سیلاب کے پانی میں جراثیم اور آلودگی کی موجودگی سے ہیضہ، ٹائیفائیڈ اور دیگر متعدی بیماریوں کے پھیلاؤ کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔ مزید برآں، مچھر کے افزائش کے بڑھنے سے مچھروں سے منتقل ہونے والی بیماریوں کے امکانات بھی زیادہ ہو گئے ہیں۔

خیبر پختونخوا کے سیلاب زدہ علاقوں میں بھی صحت کی صورتحال تشویشناک ہو گئی ہے جہاں سانس کی بیماریوں کے نئے کیسز کی تعداد میں بے تحاشا اضافہ ہوا ہے۔ محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق، سیلاب کے بعد سے سانس کی بیماریوں میں مبتلا افراد کی تعداد دو ہزار سے تجاوز کر چکی ہے، اور آنکھوں کی انفیکشنز میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

سیلاب سے متاثرہ 11 اضلاع میں ایبٹ آباد، باجوڑ، بونیر، بٹگرام، دیر، مانسہرہ، سوات، شانگلہ، صوابی، تورغر اور بنوں شامل ہیں۔

دوسری طرف، پنجاب کے وزیر صحت عمران نذیر نے قصور کا دورہ کر کے دریائے ستلج کے حالات کا جائزہ لیا اور فلڈ ریلیف کیمپس میں متاثرہ افراد سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عمران علی، ڈی پی او محمد عیسیٰ سمیت دیگر افسران نے وزیر صحت کو امدادی کاموں کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔

وزیر صحت پنجاب نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ سیلاب متاثرین کے مسائل کو فوری طور پر حل کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

ٹیگز: