اسلام آباد:وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے آزادکشمیر میں جاری کشیدگی کو کم کرنے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے اعلیٰ سطح مذاکراتی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ اس کمیٹی میں پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر سیاسی رہنما شامل ہیں، جو مذاکراتی عمل کو مؤثر بنانے کے لیے کام کریں گے۔
وزیراعظم نے آزادکشمیر کے عوام کو 23 ارب روپے کے خصوصی ریلیف پیکج بھی فراہم کیا ہے اور حالات کا فوری نوٹس لیتے ہوئے متاثرہ خاندانوں کی مدد کا بھی حکم دیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ مسائل کا حل صرف بات چیت اور جمہوری سیاسی عمل سے ممکن ہے اور مظاہرین کو بھی اپنے مطالبات جمہوری طریقے سے رکھنا ہوں گے۔
وزیراعظم کے سیاسی مشیر اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما سینیٹر رانا ثنا اللہ، وفاقی وزراء سردار یوسف، احسن اقبال، سابق صدر آزاد جموں وکشمیر مسعود خان، اور پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما قمر زمان کائرہ مذاکراتی کمیٹی کے رکن ہیں۔ یہ کمیٹی کشیدگی ختم کرنے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کرے گی۔
وزیراعظم نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھی صبر و تحمل کی ہدایت دی ہے تاکہ صورتحال بگڑنے سے بچائی جا سکے۔ ساتھ ہی انہوں نے مظاہرین سے اپیل کی ہے کہ وہ سرکاری و نجی املاک کا تحفظ یقینی بنائیں۔
وزیراعظم خود وطن واپسی پر مذاکرات کے عمل کی نگرانی کریں گے تاکہ مسائل کا جلد از جلد حل نکالا جا سکے اور آزادکشمیر میں امن قائم رہے۔