اسلام آباد : محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں آج سے طوفانی بارشوں کا امکان ظاہر کیا ہے اور ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
آج ملک کے زیادہ تر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا، لیکن خیبرپختونخوا کے بالائی و وسطی علاقے، کشمیر، گلگت بلتستان، اسلام آباد، پوٹھوہار اور زیریں سندھ میں تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ چند جگہوں پر بارش ہو سکتی ہے۔
خیبرپختونخوا میں 7 اکتوبر تک بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے، جہاں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش سے ندی نالوں میں پانی بڑھ سکتا ہے اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی ہے۔
بلوچستان کے بیشتر علاقے گرم اور خشک رہیں گے، جبکہ سندھ کے کچھ حصوں میں بارش متوقع ہے۔ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بارش کا امکان ہے۔
پنجاب کے بیشتر علاقوں میں 5 سے 7 اکتوبر کے دوران طوفانی بارشوں کا خدشہ ہے، جس سے دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کا بہاؤ بڑھ سکتا ہے۔گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں ملک کے زیادہ تر حصوں میں موسم گرم اور خشک رہا، تاہم بعض علاقوں میں بارش اور تیز ہوائیں ریکارڈ کی گئیں۔