اسلام آباد: پاکستان نے پہلگام واقعے کی تحقیقات کے لیے اقوام متحدہ سے کمیشن کی تشکیل کی تجویز پیش کی ہے۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے نجی ٹی وی کے پروگرام ’آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں اس بات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف پہلے ہی بھارت کو تحقیقات کی پیشکش کر چکے ہیں، لیکن اب پاکستان کی جانب سے یہ تجویز دی گئی ہے کہ یا تو تین ممالک مل کر تحقیقات کریں یا اقوام متحدہ ایک تحقیقات کا کمیشن تشکیل دے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت اس پیشکش کو قبول نہیں کر رہا کیونکہ وہ یہ نہیں چاہتا کہ تحقیقات میں کچھ اور حقیقت سامنے آئے جو اس کے مفاد میں نہ ہو۔ خواجہ آصف نے مزید کہا کہ پاکستان ہمیشہ بات چیت کے لیے تیار ہے، اور اس بات چیت کا راستہ کبھی بند نہیں ہوتا، خواہ کشیدگی کیسی بھی ہو۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری میں اہم طاقتیں جیسے امریکا، روس، چین اور ترکیہ نے اس مسئلے کے حل کے لیے مذاکرات کی اہمیت کو تسلیم کیا ہے۔
وزیر دفاع نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پہلگام واقعے میں بھارت کے اندر سے ہی شکوک و شبہات ابھرے ہیں، اور اس واقعے کی فوراً ایف آئی آر درج ہونے پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں، جس سے اس کی ساکھ پر مزید تشویش پیدا ہو رہی ہے۔