کراچی: عالمی منڈی میں سونے کے نرخوں میں آنے والے اچانک بھونچال نے پاکستانی صرافہ مارکیٹ کو بھی ہلا کر رکھ دیا ہے۔ ایک ہی دن میں سونے کی قیمت میں 13 ہزار روپے سے زائد کا تاریخی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق، اضافے کی تفصیلات درج ذیل ہیں۔
فی تولہ سونے کی نئی قیمت: 5 لاکھ 63 ہزار 862 روپے (اضافہ: 13,300 روپے)، 10 گرام سونے کی نئی قیمت، 4 لاکھ 83 ہزار 420 روپے (اضافہ: 11,402 روپے) ہے۔بین الاقوامی بازار میں سونے کی قیمت 133 ڈالر کے بڑے اضافے کے ساتھ 5,411 ڈالر فی اونس کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔ عالمی سطح پر سونے کی مانگ میں اس غیر معمولی اضافے نے مقامی قیمتوں کو بھی بلند ترین سطح پر پہنچا دیا ہے۔
معاشی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر ڈالر کی غیر یقینی صورتحال اور جغرافیائی سیاسی تناؤ (Geopolitical Tensions) کی وجہ سے سونے کی قیمتوں میں یہ ریکارڈ اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ شادیوں کے سیزن میں اس اضافے سے خریداروں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔