لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کو فوری اور ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت دے دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ہمارے ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں اور حکومت ان کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن قدم اٹھا رہی ہے۔
یہ بات انہوں نے اوورسیز پاکستانی فاؤنڈیشن کے ایم ڈی افضال بھٹی سے ملاقات کے دوران کہی، جنہوں نے وزیراعلیٰ کو پنجاب سے تعلق رکھنے والے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل پر تفصیلی بریفنگ دی۔
افضال بھٹی نے او پی ایس ہاؤسنگ سوسائٹی اور اوورسیز سکولز کے معاملات پر بھی آگاہ کیا، جبکہ اوورسیز پاکستانی کمیشن پنجاب کو مزید فعال بنانے پر بھی اتفاق ہوا۔
ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ مریم نواز نے تمام سرکاری اداروں اور ضلعی افسران کو واضح ہدایات دیں کہ اوورسیز پاکستانیوں کی شکایات فوری طور پر سنی جائیں اور ان کے حل میں تاخیر نہ ہو۔ اس سلسلے میں وزیراعلیٰ آفس، چیف سیکرٹری آفس اور آئی جی آفس میں فوکل پرسن بھی مقرر کر دیے گئے ہیں۔
افضال بھٹی نے "آپریشن بنیان مرصوص" کی کامیابی پر مریم نواز کو مبارکباد دی اور کہا کہ اوورسیز پاکستانی دنیا بھر میں پاکستان کے دفاع میں پاک فوج اور حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں، اور بھارت کے خلاف فتح پر جشن منا رہے ہیں۔ مریم نواز نے کہا کہ پنجاب حکومت اوورسیز پاکستانیوں کی خدمات کی قدر کرتی ہے اور ان کے مسائل کا حل حکومت کی ذمہ داری ہے۔