Wed, September 16, 2026

اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جا رہے ہیں، میرپور ایئرپورٹ کا منصوبہ تجویز: اسحاق ڈار

اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جا رہے ہیں، میرپور ایئرپورٹ کا منصوبہ تجویز: اسحاق ڈار

جو بھی پاکستان کی خودمختاری کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرے گا، اسے منہ توڑ جواب دیا جائے گا

لندن:نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے موثر اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاسپورٹ کے امور کو آسان بنانے کے لیے ون ونڈو پاسپورٹ پروسیسنگ سسٹم کا افتتاح کر دیا گیا ہے، جس سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو سہولت فراہم ہوگی۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے اور ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اپریل میں افغانستان کا دورہ کیا گیا اور ایران کے ساتھ تعلقات مزید مستحکم ہو رہے ہیں۔

نائب وزیراعظم نے خبردار کیا کہ پاکستان کی سلامتی کو میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کو بھرپور جواب دیا جائے گا۔ "جو بھی پاکستان کی خودمختاری کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرے گا، اسے منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔معاشی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کی معیشت درست سمت میں گامزن ہے اور سابق وزیراعظم نواز شریف کے دور میں پاکستان دنیا کی 24 ویں بڑی معیشت بن چکا تھا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا ہدف پاکستان کو جی 20 میں شامل کرنا ہے۔

اسحاق ڈار نے لینڈ ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن کے عمل کو بھی سراہا اور کہا کہ پاسپورٹ بنانے کا نظام بھی جدید خطوط پر منتقل کیا گیا ہے۔

اوورسیز پاکستانیوں کی سہولت کے لیے انہوں نے میرپور ایئرپورٹ کی تعمیر کا منصوبہ پیش کیا، جو سیالکوٹ ایئرپورٹ کی طرز پر ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ برطانوی پارلیمانی اراکین سے بات چیت کے دوران کہا گیا ہے کہ زمین کی خریداری کے لیے حکومت سے اجازت ملتے ہی خود مالی وسائل سے اس منصوبے پر کام شروع کر دیا جائے گا۔