یوکوہاما / لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے جاپان کے شہر یوکوہاما میں اوورسیز پاکستانیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب، خاص طور پر لاہور کو یوکوہاما جیسے جدید اور صنعتی شہر کی طرز پر ترقی دینا چاہتی ہیں۔
مریم نواز نے یوکوہاما میں پاکستانی کمیونٹی کے پرتپاک استقبال پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ یہاں موجود پاکستانیوں کا جوش و خروش دیکھ کر ایسا لگا جیسے لاہور میں جلسہ کر رہی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کا جذبہ ملک سے محبت کی بہترین مثال ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنے خطاب میں کہا کہ موجودہ حکومت نے ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا اور معیشت کو مستحکم بنیادوں پر آگے بڑھایا۔ ان کے مطابق مہنگائی میں واضح کمی اور ترسیلات زر میں اضافہ حکومت کی کامیاب پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کلینک آن وہیلز پروگرام کے تحت عوام کو صحت کی سہولیات گھر کی دہلیز پر دی جا رہی ہیں، جبکہ بچوں کی مفت سرجریز کا پروگرام بھی جاری ہے۔
مریم نواز نے بتایا کہ لاہور میں ایشیا کا سب سے بڑا نواز شریف کینسر ہسپتال بنایا جا رہا ہے، جبکہ اپنی چھت اپنا گھر اسکیم کے تحت لاکھوں خاندانوں کو رہائش فراہم کی جائے گی۔ الیکٹرک بسیں بھی عوام کے لیے متعارف کرائی گئی ہیں جن کا کرایہ 20 روپے مقرر کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے لیے ہونہار اسکالرشپ اور ایک لاکھ لیپ ٹاپس کی تقسیم کا منصوبہ شروع کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سابق حکومت نے دوست ممالک سے تعلقات خراب کیے، لیکن موجودہ حکومت نے سفارتی تعلقات کو دوبارہ بہتر بنایا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ افغانستان اور ایران کے ساتھ تعلقات میں پیش رفت ہوئی ہے۔
مریم نواز نے میرپور میں سیالکوٹ ایئرپورٹ کی طرز پر نیا ایئرپورٹ بنانے کی تجویز کا بھی اعلان کیا، اور کہا کہ اگر حکومت اجازت دے تو زمین خرید کر ایئرپورٹ کی تعمیر خود شروع کی جا سکتی ہے۔