Wed, September 16, 2026

اصلاحات، شفافیت اور ڈیجیٹائزیشن سے ایف بی آر کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی، وزیراعظم شہباز شریف

اصلاحات، شفافیت اور ڈیجیٹائزیشن سے ایف بی آر کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی، وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) میں جاری اصلاحات، ڈیجیٹائزیشن اور شفاف نظام کے قیام سے ٹیکس وصولی میں نمایاں بہتری آئی ہے، جبکہ رواں مالی سال ادارہ 15 کھرب روپے سے زائد محصولات کا ہدف حاصل کرے گا۔

وزیراعظم ہاؤس میں ایف بی آر کے سینئر افسران سے ملاقات کے دوران وزیراعظم نے مالی سال 2025-26 کے تاریخی ریونیو ہدف کو قومی معیشت کے لیے اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے ایف بی آر کے افسران اور عملے کی کارکردگی کو سراہا اور انہیں مبارکباد پیش کی۔

انہوں نے کہا کہ 600 ارب روپے کے ٹیکس ریفنڈز کی بروقت ادائیگی سے برآمدات کے فروغ میں مدد ملی، جبکہ ٹیکس وصولی کے ساتھ ٹیکس دہندگان اور کاروباری برادری کو سہولیات کی فراہمی بھی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ ایف بی آر میں کرپٹ عناصر کے لیے کوئی جگہ نہیں اور ادارے میں اصلاحات کے عمل کو مزید تیز کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیکس نیٹ میں توسیع، شفافیت، ڈیجیٹلائزیشن اور فیس لیس ٹیکس نظام کے نفاذ سے محصولات میں مزید اضافہ ہوگا۔

وزیراعظم نے معاشی ٹیم، ایف بی آر کے چیئرمین اور افسران کے ساتھ ساتھ دور دراز علاقوں میں خدمات انجام دینے والے اہلکاروں، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور فیلڈ مارشل کی خدمات کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پاکستان کسٹمز اور ان لینڈ ریونیو سروس کے افسران کی ترقی کے معاملات کا جائزہ لینے کے لیے اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دی جائے۔

ملاقات میں ایف بی آر کے افسران نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مختلف علاقوں میں فیلڈ فارمیشنز کی کارکردگی اور جاری اصلاحاتی اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔

ٹیگز: