Wed, September 16, 2026

باغبانپورہ سانحہ، وزیراعلیٰ پنجاب کا فوری نوٹس

باغبانپورہ سانحہ، وزیراعلیٰ پنجاب کا فوری نوٹس

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور کے علاقے باغبانپورہ میں چھت منہدم ہونے کے افسوسناک واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ایک بچے کے جاں بحق ہونے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے کمشنر لاہور اور ڈی جی ریسکیو 1122 کو واقعے کی مکمل حقائق پر مبنی رپورٹ جلد از جلد پیش کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔ انہوں نے ملبے میں پھنسے 10 سے زائد بچوں کو بروقت اور محفوظ طریقے سے نکالنے پر ریسکیو 1122 کی ٹیموں کی پیشہ ورانہ کارکردگی کو سراہا۔

مریم نواز نے متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ زخمی بچوں اور دیگر متاثرین کو فوری طور پر بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ ان کے علاج میں کسی قسم کی کوتاہی نہ ہو۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اگر تحقیقات میں ناقص تعمیر، لاپروائی یا کسی بھی قسم کی غفلت ثابت ہوئی تو ذمہ دار افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

وزیراعلیٰ نے مزید ہدایت کی کہ گنجان آبادیوں میں قائم تمام اسکولوں اور تعلیمی مراکز کی عمارتوں کا ہنگامی بنیادوں پر حفاظتی جائزہ لیا جائے تاکہ مستقبل میں اس نوعیت کے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں امدادی کارروائیوں میں معمولی تاخیر بھی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور متعلقہ ادارے ہر وقت مکمل طور پر الرٹ رہیں۔

ٹیگز: