Wed, September 16, 2026

حکومت گرائی گئی تو سیاست چھوڑ دوں گا، جتنا چاہیں زور آزمائی کریں: علی امین گنڈاپور

حکومت گرائی گئی تو سیاست چھوڑ دوں گا، جتنا چاہیں زور آزمائی کریں: علی امین گنڈاپور

اسلام آباد: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ ان کی حکومت کے خلاف جتنی بھی کوششیں کر لی جائیں، کوئی اسے آئینی دائرے میں رہتے ہوئے ختم نہیں کر سکتا، اور اگر ایسا ہوا تو وہ سیاست کو ہمیشہ کے لیے خیر باد کہہ دیں گے۔

پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اجلاس کا مقصد اتحاد، یکجہتی اور حوصلے کا اظہار تھا۔ اُن کا کہنا تھا کہ جو لوگ پاکستان تحریک انصاف میں تقسیم پیدا کرنے کا خواب دیکھ رہے ہیں، وہ سخت غلط فہمی کا شکار ہیں۔

وزیراعلیٰ نے دعویٰ کیا کہ ان کی حکومت کو ہٹانے کی کوششیں دراصل ایک گہری سازش کا حصہ ہیں۔ "ہماری حکومت کسی آئینی یا جمہوری طریقے سے نہیں گرائی جا سکتی، صرف سازشوں سے ہی ایسا ممکن ہے۔ اگر کوئی ہمیں گرا دے تو میں خود سیاست چھوڑنے کا اعلان کرتا ہوں،" انہوں نے کہا۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ انہیں بار بار دباؤ میں لانے کی کوشش کی گئی کہ وہ پی ٹی آئی سے علیحدگی اختیار کریں، لیکن وہ اپنی قیادت اور نظریے کے ساتھ کھڑے رہے۔ اُن کے مطابق 9 مئی کا واقعہ صرف ایک بہانہ ہے، جبکہ اصل ہدف پارٹی کا بانی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی کا مینڈیٹ چھینا گیا، مخصوص نشستوں پر بھی ناانصافی کی گئی، اور 26ویں ترمیم عدلیہ اور جمہوریت پر بدنما داغ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پارٹی کے تمام فیصلوں کا اختیار بانی پی ٹی آئی کے پاس ہے، اور وہ جب چاہیں حکومت کے بارے میں فیصلہ کر سکتے ہیں۔

ٹیگز: