واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اسرائیل غزہ میں 60 دن کے لیے جنگ بندی پر تیار ہو گیا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں بتایا کہ اس دوران وہ تمام فریقین کے ساتھ مل کر جنگ کے خاتمے کے لیے کام کریں گے۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ان کے نمائندوں کی اسرائیلی حکام سے غزہ کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی ملاقات ہوئی ہے اور یہ ملاقات بہت نتیجہ خیز رہی۔ انھوں نے مزید کہا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ حماس اس معاہدے کو تسلیم کرے گی، لیکن اگر ایسا نہ ہوا تو صورت حال مزید سنگین ہو سکتی ہے۔
اس سے پہلے، ٹرمپ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ توقع کرتے ہیں کہ اگلے ہفتے تک غزہ میں جنگ بندی ہو سکتی ہے۔ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو 7 جولائی کو امریکا کا دورہ کریں گے اور ان سے ملاقات بھی ہوگی۔