Wed, September 16, 2026

موجودہ حکومت نے کم مدت میں عوامی رابطہ بحال کر لیا، وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور

موجودہ حکومت نے کم مدت میں عوامی رابطہ بحال کر لیا، وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور

مظفرآباد: وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے اقتدار سنبھالنے کے بعد قلیل مدت میں عوام اور قیادت کے درمیان رابطہ بحال کر دیا ہے، جس کے نتیجے میں ریاست میں سیاسی نظام پر عوام کا اعتماد دوبارہ قائم ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت 17 اکتوبر کو قائم ہوئی اور صرف سوا ماہ کے عرصے میں آزاد کشمیر کے دو ڈویژنز میں بڑے عوامی اجتماعات منعقد ہوئے، جہاں عوامی رجحان نے ثابت کیا کہ عوام نے اس حکومت کو قبول کیا اور اس کی اونرشپ لی ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عوامی ایکشن کمیٹی سے طے پانے والے معاہدے پر عملدرآمد حکومت کی اولین ترجیح رہی۔ تین ماہ کی مدت کے برعکس حکومت نے سوا ماہ کے اندر بیشتر نکات پر عملدرآمد مکمل کر لیا، جس سے عوامی مسائل کے حل کی رفتار میں تیزی آئی۔

فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ پچھلی حکومت کے دور میں عوام اور حکومت کے درمیان فاصلہ بڑھ چکا تھا، تاہم موجودہ حکومت نے اس خلا کو کم کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن علاقوں اور سڑکوں پر سیاستدانوں کے لیے جانا مشکل تھا، وہاں آج عوام حکومت کا خیرمقدم کر رہے ہیں اور ریاست بھر میں بڑے عوامی اجتماعات منعقد ہو رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے عوامی مفاد سے متعلق فیصلوں میں تاخیر نہیں کی۔ پانچویں کابینہ اجلاس اور اسمبلی سیشن میں اہم عوام دوست فیصلے کیے گئے۔ حکومت کا مقصد سیاسی محاذ آرائی نہیں بلکہ عوامی مسائل کا دیرپا حل ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ریاست میں اعتماد کی بحالی حکومت کی بنیادی ترجیح ہے۔ پیپلز پارٹی مذاکرات اور مشاورت کے ذریعے مسائل کے حل پر یقین رکھتی ہے اور کسی بھی قسم کی افراتفری یا انسانی جانوں کے ضیاع کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ان کے مطابق حکومت عوامی معاہدے کے 38 نکات میں سے 98 فیصد پر عملدرآمد مکمل کر چکی ہے اور ریاست میں استحکام اور بہتری کے آثار نمایاں ہیں۔

ٹیگز: