Wed, September 16, 2026

عدالت نے ریاستی اداروں کے خلاف ڈیجیٹل دہشت گردی کیس میں عادل راجہ اور دیگر ملزمان کو دو، دو بار عمر قید کی سزا سنادی

عدالت نے ریاستی اداروں کے خلاف ڈیجیٹل دہشت گردی کیس میں عادل راجہ اور دیگر ملزمان کو دو، دو بار عمر قید کی سزا سنادی

اسلام آباد: انسداد دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) نے ریاستی اداروں کے خلاف ڈیجیٹل دہشت گردی کے کیس میں عادل راجہ اور دیگر ملزمان کو دو، دو بار عمر قید کی سزا سنائی ہے۔ یہ فیصلہ 9 مئی کو ہونے والی سماعت میں اے ٹی سی جج طاہر عباس سپرا نے سنایا، جس میں ملزمان کے خلاف ٹرائل مکمل ہونے کے بعد محفوظ کیا گیا فیصلہ جاری کیا گیا۔

عدالت نے عادل راجہ، حیدر مہدی، اور وجاہت سعید کو دو بار عمر قید کی سزا دی، جبکہ صابر شاکر اور معید پیرزادہ کو بھی دو بار عمر قید کی سزا سنائی۔ اس کے علاوہ، ملزمان کو مجموعی طور پر 35 سال قید اور 15 لاکھ روپے جرمانے کی سزا بھی دی گئی۔

پراسیکیوشن نے کیس کے دوران 24 گواہان کو عدالت میں پیش کیا اور ملزمان کی غیر موجودگی میں ٹرائل مکمل کرایا۔ پراسیکیوشن کی طرف سے راجہ نوید حسین کیانی عدالت میں پیش ہوئے۔

عدالت نے تھانہ آبپارہ کے مقدمے میں صابر شاکر، معید پیرزادہ، اور سید اکبر حسین کو عمر قید کی سزا سنائی، جبکہ تھانہ رمنا کے مقدمے میں شاہین صہبائی، حیدر مہدی اور وجاہت سعید کو سزا دی۔

اس سماعت میں ملزمان کی جانب سے گلفام اشرف گورائیہ ایڈووکیٹ نے دفاع کیا، جنہیں عدالت نے ملزمان کا وکیل مقرر کیا تھا۔ انسداد دہشت گردی قوانین کے تحت، ملزمان کی غیر موجودگی میں بھی ٹرائل مکمل کیا جا سکتا ہے، اور اسی کے تحت یہ فیصلہ سنایا گیا۔

ٹیگز: