Wed, September 16, 2026

انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی کی علیمہ خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور

انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی کی علیمہ خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور

راولپنڈی: انسداد دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) راولپنڈی نے علیمہ خان کی ایک دن کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کر لی۔ یہ درخواست 26 نومبر کے احتجاج کے دوران تھانہ صادق آباد میں درج مقدمے کی سماعت کے موقع پر دائر کی گئی تھی۔

اے ٹی سی جج امجد علی شاہ کی زیرِ صدارت ہونے والی سماعت میں پراسیکوٹر سید ظہیر شاہ نے اپنی ٹیم کے ہمراہ پیش ہو کر کیس کی کارروائی جاری رکھی۔ علیمہ خان کے وکیل فیصل ملک نے عدالت سے درخواست کی کہ وہ علیمہ خان کو ایک دن کی حاضری سے استثنیٰ دیں کیونکہ وہ مصروفیات کی وجہ سے پیش نہیں ہو سکتیں، جسے عدالت نے منظور کر لیا۔

عدالت نے مقدمے میں نامزد 8 ملزمان کو گواہان کے بیان پر جرح کرنے کا آخری موقع فراہم کیا اور کہا کہ اگر آئندہ سماعت پر جرح مکمل نہ کی گئی تو سرکاری وکیل مقرر کر دیا جائے گا۔

اسی دوران، عدالت نے تین ملزمان، ساجد علی قریشی، علی رضا اور محمد حنیف کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کر دیے کیونکہ ان کی طرف سے نہ تو کوئی پلیڈر عدالت میں پیش ہوا اور نہ ہی وکیل آیا۔

عدالت نے مقدمے کی مزید سماعت 5 جنوری تک ملتوی کر دی۔ علیمہ خان کے وکیل فیصل ملک نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ علیمہ خان کی ہدایات ہیں کہ وہ آئندہ سماعت پر عدالت میں پیش ہوں گی اور تمام کارروائی ان کے سامنے ہو گی۔ انہوں نے عدالت سے 7 جنوری تک کی تاریخ دینے کی درخواست بھی کی۔

ٹیگز: