سڈنی :آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے معروف بائیں ہاتھ کے بیٹر عثمان خواجہ نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کر لیا ہے۔ عثمان خواجہ نے ایک بیان میں کہا کہ وہ ایشز سیریز کے پانچویں اور آخری ٹیسٹ کے بعد کرکٹ کو خیر باد کہہ دیں گے۔ انگلینڈ کے خلاف یہ آخری ٹیسٹ اتوار سے شروع ہوگا، جس میں وہ اپنا 88 واں اور آخری میچ کھیلیں گے۔
عثمان خواجہ نے اپنے کیریئر میں 87 ٹیسٹ، 40 ون ڈے اور 9 ٹی 20 میچز میں آسٹریلیا کی نمائندگی کی۔ حالیہ برسوں میں ان کا اوپنر کا کردار ختم ہو چکا ہے اور اب ٹریوس ہیڈ اوپننگ کر رہے ہیں۔
گزشتہ کچھ دنوں سے عثمان خواجہ کے مستقبل کے حوالے سے سوالات گردش کر رہے تھے، خاص طور پر جب وہ کمر کی تکلیف کے باعث پرتھ ٹیسٹ میں حصہ نہیں لے سکے تھے، اور ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں انہیں ڈراپ کر دیا گیا تھا۔ ان کی ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کرکٹ کے شائقین کے لیے ایک بڑا صدمہ ہے، کیونکہ عثمان خواجہ نے کئی سالوں تک آسٹریلوی کرکٹ میں اپنی بہترین خدمات پیش کی ہیں۔