کیلیفورنیا: ٹیکنالوجی کی دنیا میں ایپل کے فولڈ ایبل آئی فون کے حوالے سے نئی معلومات سامنے آئی ہیں۔ گزشتہ کچھ مہینوں سے ایپل کے پہلے فولڈ ایبل آئی فون کی آمد کی خبریں گردش کر رہی ہیں، جسے رواں سال ستمبر میں متعارف کرانے کا امکان ہے۔
تازہ ترین رپورٹ کے مطابق، ایپل فلپ اسٹائل فولڈ ایبل آئی فون کی تیاری پر بھی کام کر رہا ہے۔ بلومبرگ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کمپنی اس منفرد ڈیزائن کے مختلف ورژنز پر غور کر رہی ہے، تاہم اس بات کی کوئی تصدیق نہیں کہ یہ ماڈل کب مارکیٹ میں دستیاب ہوگا یا صارفین تک پہنچ پائے گا یا نہیں۔
ایپل کا ارادہ ہے کہ پہلے بک اسٹائل فولڈ ایبل آئی فون کو پیش کر کے صارفین کی رائے سمجھے، پھر اس کے مطابق فلپ اسٹائل ماڈل کی لانچ کا فیصلہ کرے۔
فلپ اسٹائل فولڈ ایبل آئی فون کی تیاری کی خبریں کافی عرصے سے گردش کر رہی ہیں اور یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ ایپل کے پاس اس کے کم از کم دو پروٹو ٹائپ موجود ہیں۔ شروع میں یہ توقع کی گئی تھی کہ ایپل فلپ اسٹائل ماڈل کو پہلے مارکیٹ میں لے آئے گا، لیکن بعد میں اس منصوبے کو مؤخر یا ترک کر دیا گیا۔
یہ پیش رفت ایپل کی تکنیکی جدت اور صارفین کو نئے تجربات فراہم کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔