Wed, September 16, 2026

قومی خودمختاری چیلنج ہوئی تو بھرپور جواب دیں گے، پاکستان امن چاہتا ہے مگر کمزور نہیں: سربراہ پاک فضائیہ

قومی خودمختاری چیلنج ہوئی تو بھرپور جواب دیں گے، پاکستان امن چاہتا ہے مگر کمزور نہیں: سربراہ پاک فضائیہ

رسالپور: پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا ہے کہ معرکۂ حق میں حاصل ہونے والی فتح مسلح افواج کی شاندار ہم آہنگی، جارحانہ فیصلوں اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی مضبوط قیادت کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر پاکستان کی خودمختاری کو دوبارہ چیلنج کیا گیا تو دشمن ایک ایسی پاک فضائیہ کا سامنا کرے گا جو پہلے سے کہیں زیادہ طاقتور، جدید اور بہتر تیار ہے۔

پی اے ایف اکیڈمی رسالپور میں گریجویشن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایئر چیف مارشل نے سعودی کیڈٹس کی شمولیت کو پاکستان اور سعودی عرب کے دیرینہ اور مضبوط عسکری تعاون کی علامت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ گریجویٹ ہونے والے نوجوان کیڈٹس کو مادرِ وطن کی فضائی سرحدوں کے مقدس دفاع کی ذمہ داری سونپی جارہی ہے، اور پوری قوم کی امیدیں ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے وابستہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دشمن کی عددی برتری کے باوجود پاکستان نے حالیہ تصادم میں انتہائی محدود وسائل کے باوجود شاندار کارکردگی دکھائی۔ پاک فضائیہ نے کم تعداد میں لڑنے کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے جدید ترین دشمن طیاروں کو مار گرایا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس معرکے نے جدید فضائی جنگ کا ایک نیا معیار مقرر کردیا ہے جس سے دنیا نے فضائی طاقت کے مؤثر اور جرات مندانہ استعمال کی مثال دیکھی۔

ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے بتایا کہ پاک فضائیہ نے سمارٹ انڈکشن پروگرام کے ذریعے کم وقت میں جدید لڑاکا طیاروں اور ٹیکنالوجیز کو شامل کیا۔ انہوں نے کہا کہ مالی چیلنجز کے باوجود آپریشنل ڈاکٹرائن کو جدید جنگی تقاضوں سے ہم آہنگ کیا گیا، جو 2025 میں فضائیہ کی واضح برتری کی دلیل ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے مگر قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ قوم کا اپنی مسلح افواج پر غیر متزلزل اعتماد دہائیوں کی قربانی، بہادری اور بردباری کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ پاکستان کی نظریاتی، زمینی اور فضائی سرحدوں کے تحفظ کے لیے تمام افواج اور قومی قیادت پوری طرح متحد ہیں۔

دوسری جانب اصغر خان اکیڈمی رسالپور میں کیڈٹس کی شاندار گریجویشن پریڈ منعقد ہوئی جس میں 151 جی ڈی پی، 97 انجینئرنگ، 108 ایئر ڈیفنس، نیویگیشن الفا، ایڈمن اینڈ اسپیشل ڈیوٹیز اور 11 لاجسٹکس کورس کے کیڈٹس نے حصہ لیا۔ رائل سعودی ایئر فورس کے 98 ای سی کورس کے کیڈٹس بھی پاس آؤٹ ہوئے، جبکہ پاک فضائیہ کے لڑاکا طیاروں اور شیر دل ایروبیٹکس ٹیم نے فلائی پاسٹ کا شاندار مظاہرہ کیا۔

ٹیگز: