اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی نے ٹروتھ کمیشن کی تجویز پر آمادگی ظاہر کی ہے اور اس سلسلے میں اپنی تجاویز اور سفارشات بھی فراہم کر دی ہیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں سب سے اہم مقصد کشیدگی کا خاتمہ، عوام کو فوری ریلیف دینا اور آزاد کشمیر میں زندگی کے معمولات کو بحال کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی انسانی جان کا ضیاع ناقابل تلافی نقصان اور قومی سانحہ ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ آزاد کشمیر کو ترقی کے مواقع کے ساتھ ساتھ عوام کے جائز حقوق کا تحفظ بھی حاصل ہونا چاہیے۔ بلاول بھٹو کے مطابق مسائل کا حل مذاکرات، مشاورت اور تمام متعلقہ فریقین کے تعاون سے ہی ممکن بنایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ موجودہ صورتحال کا پرامن حل نکالا جائے اور عوامی مسائل کے ازالے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔