اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے انکشاف کیا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال کے باعث آبنائے ہرمز میں رکے ہوئے پاکستان کے دو بحری جہاز فیلڈ مارشل عاصم منیر اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی مشترکہ کوششوں سے بحفاظت نکلنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔
اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے اس کامیابی کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا آبنائے ہرمز جیسے حساس مقام پر پیدا ہونے والی رکاوٹ کو دور کرنے کے لیے فیلڈ مارشل عاصم منیر اور اسحاق ڈار نے انتھک محنت کی۔ وزیراعظم کے مطابق، ان کوششوں کے نتیجے میں دونوں جہاز اب محفوظ طریقے سے آبنائے ہرمز سے گزر چکے ہیں۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ پاکستان خطے میں جنگ کے شعلے ٹھنڈے کرنے کے لیے سفارتی محاذ پر سرگرم ہے ۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار خطے میں تناؤ کم کرنے کے لیے مسلسل کوشاں ہیں۔پاکستان عالمی سطح پر فوری جنگ بندی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔
وزیراعظم نے اعتراف کیا کہ اس جنگ سے پاکستان کی معیشت براہِ راست متاثر ہو رہی ہے، جس کے پیشِ نظر درج ذیل اقدامات کیے گئے ہیں۔ پی ایس ڈی پی (PSDP) میں 100 ارب روپے کی کمی کر دی گئی ہے۔ وفاقی کابینہ نے اپنی 2 ماہ کی تنخواہ رضاکارانہ طور پر سرنڈر کر دی ہے۔ وزیراعظم کا یہ بیان جہاں ایک بڑی سفارتی و تزویراتی کامیابی کی نشاندہی کرتا ہے، وہیں ملکی معیشت پر جنگی بوجھ اور اس سے نمٹنے کے لیے حکومتی سنجیدگی کا بھی عکاس ہے۔