بشکیک:وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پانی پاکستان اور خطے کی لائف لائن ہے، کسی کو پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
بشکیک میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی پورے خطے کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہے، جبکہ عالمی منظرنامہ بڑھتی ہوئی جغرافیائی کشیدگی کا شکار ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان نے خطے میں امن و استحکام کے لیے ہر ممکن کوشش کی ہے، دیرپا قیامِ امن کی کوششیں تاحال جاری ہیں۔ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت خطے میں کشیدگی کم کرنے کی جانب اہم قدم ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے اہم پلیٹ فارم ہے، پاکستان ایس سی او کا فعال اور ذمہ دار رکن ہے۔
ایس سی او سربراہی اجلاس کے اختتام پر وزیراعظم شہباز شریف سمیت رکن ممالک کے سربراہان نے مشترکہ اعلامیے پر دستخط کیے، جبکہ پاکستان نے ایس سی او سربراہانِ مملکت کونسل کی آئندہ صدارت سنبھال لی۔