Wed, September 16, 2026

ٹی 20 سیریز کا آخری معرکہ، جنوبی افریقا نے پاکستان کو 140 رنز کا ہدف دیا

ٹی 20 سیریز کا آخری معرکہ، جنوبی افریقا نے پاکستان کو 140 رنز کا ہدف دیا

لاہور: جنوبی افریقا نے لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے تیسرے اور آخری ٹی 20 میچ میں پاکستان کو 140 رنز کا ہدف دیا ہے۔ پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا، اور جنوبی افریقا نے 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 139 رنز بنائے۔

جنوبی افریقا کی جانب سے ریزا ہینڈریکس 34، کپتان ڈونون فریرا 29 اور ڈیوالڈ بریوس 21 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔ پاکستانی بولرز نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا، خاص طور پر شاہین آفریدی نے پہلے اوور میں دو وکٹیں لے کر میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔ شاہین نے اس میچ میں مجموعی طور پر 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ فہیم اشرف اور عثمان طارق نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

پاکستان کی پلیئنگ الیون میں دو تبدیلیاں کی گئیں ہیں۔ نسیم شاہ اور ابرار احمد کو باہر بٹھا کر شاہین آفریدی اور عثمان طارق کو موقع دیا گیا، اور عثمان طارق آج اپنے ٹی 20 ڈیبیو پر ہیں۔ دیگر کھلاڑیوں میں صائم ایوب، صاحبزادہ فرحان، بابر اعظم، حسن نواز، سلمان علی آغا، عثمان خان، محمد نواز اور فہیم اشرف شامل ہیں۔

جنوبی افریقا نے اپنی ٹیم میں تین تبدیلیاں کی ہیں۔ ٹونی ڈی زورزی، لونگی این گیدی اور ناندرے برگر کو ڈراپ کر کے ان کی جگہ لوہان ڈرے پریٹوریس، لیزارڈ ولیمز اور آندے سیمالانے کو شامل کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ پہلے ٹی 20 میچ میں جنوبی افریقا نے پاکستان کو 55 رنز سے شکست دی تھی، جبکہ دوسرے میچ میں پاکستان نے 9 وکٹوں سے جیت حاصل کی تھی۔ آج کے میچ کی فاتح ٹیم سیریز جیتنے والی ہوگی۔


 
 

ٹیگز: