اسلام آباد:یورپی یونین کی اعلیٰ نمائندہ برائے خارجہ امور کاجا کالاس اہم سفارتی دورے پر پاکستان پہنچ گئی ہیں، جہاں انہوں نے دفترِ خارجہ کا دورہ کیا ہے۔
ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کاجا کالاس کا استقبال کیا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا جائے گا، جس کے فوراً بعد پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان وفود کی سطح پر رسمی مذاکرات کا آغاز ہوگا، جس میں تجارتی اور سیاسی تعاون کے اہم امور ایجنڈے کا حصہ ہوں گے۔
اپنے قیام کے دوران یورپی یونین کی اعلیٰ نمائندہ صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف سے بھی الگ الگ ملاقاتیں کریں گی، جن میں علاقائی سلامتی، باہمی دلچسپی کے معاملات اور عالمی امور پر تفصیلی مشاورت کی جائے گی۔