لاہور : صدر پاکستان آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان گورنر ہاؤس پنجاب میں اہم ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال، معیشت اور خارجہ پالیسی سے متعلق معاملات پر گفتگو کی گئی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے صدر زرداری کو حالیہ بیرون ملک دوروں کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ اس ملاقات میں گورنر پنجاب، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور وزیر داخلہ محسن نقوی بھی شریک تھے۔
صدر آصف زرداری نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان کی ترقی کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا، اور دنیا آج پاکستان کی کامیابیوں کو تسلیم کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ "ہم کسی کو اجازت نہیں دیں گے کہ وہ پاکستان کو نقصان پہنچانے کا سوچے بھی۔"
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ان کے حالیہ غیر ملکی دورے نہایت کامیاب رہے اور ان ملاقاتوں میں پاکستان کے امن کے پیغام کو سراہا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بہادر افواج کی وجہ سے آج کوئی بھی ملک ہماری طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔