Wed, September 16, 2026

ملک بھر میں برفباری اور بارشوں سے سردی کی شدت میں اضافہ

ملک بھر میں برفباری اور بارشوں سے سردی کی شدت میں اضافہ

لاہور : ملک کے مختلف علاقوں میں برفباری اور بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جس سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو گیا ہے اور عوام نے بڑی تعداد میں سیاحتی مقامات کا رخ کر لیا ہے۔ گلیات، نتھیا گلی اور ٹھنڈیانی میں موسم سرما کی پہلی برفباری ہوئی، جس سے ان علاقوں کا منظر خاص طور پر دلکش ہوگیا۔ ایبٹ آباد اور اس کے ارد گرد کے علاقوں میں بھی بارش نے سردی بڑھا دی، جبکہ میرپور شہر اور اس کے گردونواح میں بھی بارش کا سلسلہ جاری رہا۔

اسلام آباد میں بھی خوب بارش ہوئی، جس سے شہر کا موسم خوشگوار ہو گیا۔ لاہور کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی ہوئی، اور سرگودھا شہر میں تیز بارش نے سردی کو مزید بڑھا دیا۔ خیبرپختونخوا کے علاقوں میں بھی موسم تبدیل ہو گیا، پشاور میں بارش کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہوا، اور سوات کے بالائی علاقے جیسے کالام اور مالم جبہ میں برفباری کا سلسلہ دوسرے دن بھی جاری رہا۔

بلوچستان کے مختلف علاقوں جیسے زیارت، چمن، کان مہترزئی اور توبہ اچکزئی میں بھی برفباری ہوئی، جبکہ پشین، قلعہ عبداللہ اور قلات سمیت دیگر علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ آج رات اور یکم جنوری کے دوران ناران، کاغان، دیر، سوات اور کوہستان میں مزید برفباری کی توقع ہے۔ مانسہرہ، ایبٹ آباد، شانگلہ، استور، ہنزہ اور اسکردو میں بھی برفباری ہو سکتی ہے۔

برفباری کے سبب سڑکوں کے بند ہونے اور پھسلن سے ٹریفک کی روانی متاثر ہو سکتی ہے۔ بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور برفانی تودے گرنے کا خطرہ بھی موجود ہے۔ تاہم، پنجاب اور بالائی سندھ میں دھند کی شدت میں کمی متوقع ہے، جو سفر کو آسان بنا سکتی ہے۔

ٹیگز: