کراچی : جاوید عالم اوڈھو نے باقاعدہ طور پر انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ کے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔ سینٹرل پولیس آفس پہنچنے پر پولیس کے خصوصی دستے نے انہیں سلامی پیش کی، اور بعد میں آئی جی سندھ نے سینٹرل پولیس آفس میں تعینات سینئر افسران سے ملاقات کی۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے پولیس کے شہداء کی یادگار پر پھول بھی چڑھائے۔
یاد رہے کہ جاوید عالم اوڈھو کو حال ہی میں آئی جی سندھ تعینات کیا گیا تھا اور اس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا تھا۔ اس سے پہلے جاوید عالم اوڈھو نے قائم مقام آئی جی کا چارج سنبھالا تھا جب غلام نبی میمن نے اپنا عہدہ چھوڑا۔
جاوید عالم اوڈھو کا سندھ پولیس میں طویل تجربہ ہے، انہوں نے 1998 میں پولیس جوائن کی تھی اور اپنی ابتدائی پوسٹنگ ڈویژنل پولیس افیسر لاڑکانہ کے طور پر کی۔ اس کے بعد وہ مختلف اہم عہدوں پر خدمات انجام دے چکے ہیں، جن میں ڈی پی او گھوٹکی، بدین، دادو، جامشورو، ایس پی سپیشل برانچ، اور ڈی آئی جی ویسٹ کراچی شامل ہیں۔
انہوں نے 2019 میں بلوچستان میں بھی خدمات انجام دیں اور مختلف پولیس برانچز میں اہم عہدوں پر کام کیا۔ 2022 میں انہیں کراچی پولیس چیف مقرر کیا گیا اور بعد ازاں 2024 میں ایڈیشنل کراچی کے طور پر بھی کام کیا۔
اس موقع پر سینٹرل پولیس آفس کراچی میں ایک پروقار تقریب بھی منعقد کی گئی، جس میں پولیس کے چاک و چوبند دستے نے سبکدوش ہونے والے آئی جی سندھ غلام نبی میمن کو سلامی پیش کی۔ سینئر پولیس افسران نے اس موقع پر غلام نبی میمن کی خدمات کو سراہا اور ان کے کردار کی قدر کی۔