Wed, September 16, 2026

نیا سال، نئی امیدیں اور پاکستان کا روشن مستقبل

نیا سال، نئی امیدیں اور پاکستان کا روشن مستقبل

نئے سال کا سورج جب افق پر نمودار ہوتا ہے تو وہ محض دن اور تاریخ کی تبدیلی کا اعلان نہیں کرتا، بلکہ اپنے ساتھ نئی امنگیں، نئی آرزوئیں اور نئی کوششوں کا پیغام بھی لاتا ہے۔ یہ وہ لمحہ ہوتا ہے جب فردِ واحد سے لے کر اقوامِ عالم تک ہر اکائی اپنے ماضی کا محاسبہ کرتی ہے اور مستقبل کے لیے نئے عزم، نئے ولولے اور تازہ حوصلے کے ساتھ آگے بڑھنے کا فیصلہ کرتی ہے۔ یہی وہ گھڑی ہوتی ہے جب دلوں میں امید کے چراغ جلتے ہیں اور نگاہیں ایک بہتر، مضبوط اور خوشحال کل کی جانب اٹھ جاتی ہیں۔
ملکِ پاکستان، جوگزشتہ برس 2025 میں دفاعی، سفارتی اور معاشی اہلیت کے بل پر اقوامِ عالم میں ایک باوقار اور معتبر مقام حاصل کرنے میں کامیاب رہا، نئے سال کی دہلیز پر پہلے سے کہیں زیادہ پرامید نظر آتا ہے۔ گزشتہ برس پاکستان نے نہ صرف اپنے دفاع کو ناقابلِ تسخیر ثابت کیا بلکہ سفارتی محاذ پر بھی بالغ نظری، توازن اور قومی مفاد پر مبنی پالیسیوں کے ذریعے دنیا کو یہ باور کرایا کہ پاکستان ایک ذمہ دار، امن پسند اور خوددار ریاست ہے۔ معاشی میدان میں بھی اگرچہ مشکلات کم نہ تھیں، مگر استقامت، اصلاحات اور قومی عزم کے ذریعے بہتری کی سمت واضح پیش رفت دکھائی دی۔یہ حقیقت کسی سے پوشیدہ نہیں کہ پاکستان کو اپنی تاریخ میں بے شمار چیلنجز کا سامنا رہا ہے۔ کبھی بیرونی دباؤ، کبھی اندرونی انتشار، کبھی معاشی ابتری اور کبھی دہشت گردی جیسے ناسور نے اس ملک کی جڑیں کمزور کرنے کی کوشش کی۔ مگر اس سب کے باوجود پاکستان ہر بار سنبھلا، اٹھا اور پہلے سے زیادہ مضبوط ہو کر سامنے آیا۔ یہی اس قوم کا اصل جوہر ہے جو مشکلات میں ہمت، آزمائش میں استقلال اور بحران میں اتحاد جیسی معاشرتی خوبیوں کا مظہر ہے۔
سال 2025 میں افواجِ پاکستان نے جس پیشہ ورانہ مہارت، نظم و ضبط اور قربانی کا مظاہرہ کیا، اس نے نہ صرف ملکی دفاع کو فولادی حصار فراہم کیا بلکہ دشمنوں کو یہ واضح پیغام بھی دیا کہ پاکستان کے امن، سلامتی اور خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ ممکن نہیں۔ افواجِ پاکستان اور عوام کے درمیان اعتماد اور یکجہتی ہی وہ طاقت ہے جو اس ملک کو ناقابلِ شکست بناتی ہے۔ یہ اتحاد ہی وہ ڈھال ہے جس کے سامنے ہر میلی آنکھ، ہر ناپاک ارادہ اور ہر سازش دم توڑ دیتی ہے۔اس کے علاوہ سفارتی محاذ پر پاکستان نے متوازن خارجہ پالیسی کے ذریعے خطے اور دنیا میں اپنی اہمیت کو منوایا۔ دوست ممالک کے ساتھ تعلقات میں استحکام، عالمی فورمز پر مؤثر آواز، اور علاقائی امن کے لیے تعمیری کردار نے پاکستان کو ایک بار پھر عالمی برادری میں ایک ذمہ دار شراکت دار کے طور پر پیش کیا۔ یہی سفارتی بصیرت مستقبل میں پاکستان کے لیے نئے مواقع، نئی شراکت داریوں اور ترقی کے نئے دروازے کھول سکتی ہے۔معاشی میدان میں اگرچہ عوام نے مہنگائی اور مشکلات کا سامنا کیا، مگر اس کے ساتھ ساتھ یہ حقیقت بھی سامنے آئی کہ درست سمت میں کیے گئے فیصلے، شفافیت، اصلاحات اور خود انحصاری کی سوچ ہی پائیدار ترقی کی بنیاد بن سکتی ہے۔ نئے سال کے آغاز پر امید کی جا سکتی ہے کہ صنعت، زراعت، برآمدات اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں ٹھوس اقدامات کے ذریعے پاکستان معاشی استحکام کی منزل کے مزید قریب پہنچے گا۔
نئے سال 2026 کی آمد پر بحیثیتِ محبِ وطن پاکستانی، دل یہی دعا کرتا ہے کہ آنے والا سال اس پاک سرزمین کے لیے خوش آئند ثابت ہو۔ یہ سال تعمیر و ترقی کی نئی نویدیں لے کر آئے، عوام کو ریلیف ملے، نوجوانوں کو روزگار کے مواقع میسر ہوں، اور ملک میں قانون کی بالادستی کو حقیقی معنوں میں فروغ حاصل ہو۔ پاکستان کی اصل طاقت اس کے عوام ہیں ،وہ عوام جو محنت کش ہیں، صابر ہیں اور مشکل وقت میں اپنی ریاست کے شانہ بشانہ کھڑے رہتے ہیں۔ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم بحیثیت قوم اقربا پروری، تعصب، کرپشن اور دہشت گردی جیسے مہلک رزائل کے خلاف اجتماعی جدوجہد کریں۔ یہ وہ ناسور ہیں جو قوموں کو اندر سے کھوکھلا کر دیتے ہیں۔ جب تک انصاف، میرٹ، دیانت اور برداشت کو قومی اقدار کا حصہ نہیں بنایا جاتا، ترقی کا خواب ادھورا ہی رہتا ہے۔ نئے سال کا تقاضا یہی ہے کہ ہم صرف دعاؤں پر اکتفا نہ کریں بلکہ عملی طور پر ان برائیوں کے خاتمے کے لیے کردار ادا کریں۔
ہمیں یہ بھی یاد رکھنا ہوگا کہ پاکستان کی سلامتی، خوشحالی اور ترقی کسی ایک ادارے یا طبقے کی ذمہ داری نہیں بلکہ یہ ہم سب کا مشترکہ فرض ہے۔ حکومتِ وقت کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوامی فلاح کو اولین ترجیح دے، اداروں کی اصلاح کرے اور شفاف طرزِ حکمرانی کو یقینی بنائے۔ اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ آئین اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں نبھائیں۔ اور عوام کی ذمہ داری ہے کہ وہ مثبت سوچ، صبر اور تعاون کے ذریعے ملکی ترقی میں اپنا حصہ ڈالیں۔دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ سال 2026 میں پاکستان کو امن و امان، خوشحالی اور استحکام سے نوازے۔ اس سرزمین کو ہر طرح کی اندرونی و بیرونی سازشوں سے محفوظ رکھے۔ پاکستان کی طرف اٹھنے والی ہر میلی آنکھ کو ناکامی سے دوچار کرے، اور اس کے دشمنوں کو ذلت و رسوائی کا سامنا کرنا پڑے۔ پاکستان کی بہادر افواج اور باشعور عوام کے ہاتھوں ہر دشمن کا قلع قمع ہو، اور یہ ملک خطے میں سٹریٹیجک اور سفارتی محاذوں پر مسلسل کامیابیاں سمیٹتا رہے۔آمین
آخر میں، نئے سال کے موقع پر یہ عہد کرنا ضروری ہے کہ ہم مایوسی کو خود پر حاوی نہیں ہونے دیں گے۔ ہم اختلافات کے باوجود متحد رہیں گے، ذاتی مفاد پر قومی مفاد کو ترجیح دیں گے، اور پاکستان کو وہ مقام دلانے کے لیے کوشاں رہیں گے جس کا خواب ہمارے بزرگوں نے دیکھا تھا۔ نیا سال ہمارے لیے ایک نیا موقع ہے—خود کو بدلنے کا، قوم کو سنوارنے کا اور پاکستان کو ایک مضبوط، خوشحال اور باوقار ریاست بنانے کا۔خدا کرے کہ آنے والا ہر دن پاکستان کے لیے ترقی، سلامتی اور سربلندی کا پیغام لے کر آئے۔ آمین۔

ٹیگز: