ویانا: آسٹریا کی 31 سالہ معروف بیوٹی انفلوئنسر اور میک اپ آرٹسٹ اسٹیفنی پیپر کی لاش پانچ روز تک تلاش کے بعد سلووینیا کے جنگل سے ایک سوٹ کیس میں ملی ہے۔
اسٹیفنی کو آخری بار ایک ہالیڈے پارٹی میں دیکھا گیا تھا، اور اسی رات انہوں نے اپنے دوستوں کو ایک پیغام بھیجا تھا جس میں کہا تھا کہ "سیڑھیوں پر کوئی عجیب شخص ہے، ایک سیاہ سایہ نظر آ رہا ہے"، جس سے یہ شبہ پیدا ہوا کہ شاید کوئی ان کا پیچھا کر رہا تھا۔
پولیس نے پانچ دن کی مسلسل تلاش کے بعد سلووینیا کے جنگل میں سوٹ کیس سے اسٹیفنی کی لاش برآمد کی۔ جب تحقیقات کی گئیں، تو پولیس نے اسٹیفنی کے سابق بوائے فرینڈ کو حراست میں لے لیا۔ دورانِ تفتیش، ملزم نے اس بات کا اعتراف کیا کہ اس نے اسٹیفنی کا گلا گھونٹ کر قتل کیا اور خود ہی لاش کی نشاندہی کی۔
پولیس کے مطابق، ملزم نے اپنی گاڑی سے سلووینیا کا سفر متعدد بار کیا اور قتل کے بعد کئی دنوں تک غائب رہا، جس سے شبہ مزید گہرا ہوگیا۔ اسٹیفنی آسٹریا کے شہر گراز میں رہائش پذیر تھیں، جو سلووینیا کی سرحد کے قریب واقع ہے۔
اسٹیفنی پیپر ایک مشہور بیوٹی انفلوئنسر اور میک اپ آرٹسٹ تھیں، جو انسٹاگرام پر میک اپ ٹپس، بیوٹی پروڈکٹس کی ریویوز اور لکس پر مشتمل مواد شیئر کرتی تھیں۔