راولپنڈی: چین کی پیپلز لبریشن آرمی (PLA) کے 98 ویں یومِ تاسیس کے موقع پر جی ایچ کیو راولپنڈی میں ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شرکت کی اور چینی فوج کو مبارکباد دی۔
تقریب میں چین کے سفیر مہمانِ خصوصی کے طور پر شریک ہوئے جبکہ چینی دفاعی اتاشی میجر جنرل وانگ زونگ بھی سفارتخانے کے دیگر حکام کے ہمراہ موجود تھے۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے چینی وفد کو خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر پاکستان کی تینوں مسلح افواج کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل نے کہا کہ چین کی افواج نے ملک کے دفاع اور ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات اعتماد، وفاداری اور مشترکہ سوچ پر مبنی ہیں، اور یہ دوستی ہر آزمائش میں پوری اتری ہے۔
فیلڈ مارشل کا کہنا تھا کہ بدلتے ہوئے عالمی حالات کے باوجود پاک چین دوستی مضبوط رہی ہے، اور دونوں ممالک ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں، چاہے سٹریٹیجک چیلنجز ہوں یا علاقائی مسائل۔
تقریب کے دوران چینی سفیر نے پاکستان کی میزبانی کو سراہا اور دہشت گردی کے خلاف پاکستانی افواج کی قربانیوں کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ اپنی سٹریٹیجک شراکت داری اور تعاون جاری رکھے گا۔