Wed, September 16, 2026

استنبول مذاکرات میں اہم پیش رفت۔۔۔۔۔۔۔پاکستان اور افغان طالبان میں جنگ بندی برقرار رکھنے پر اتفاق

 استنبول مذاکرات میں اہم پیش رفت۔۔۔۔۔۔۔پاکستان اور افغان طالبان میں جنگ بندی برقرار رکھنے پر اتفاق

استنبول :ترکیہ اور قطر کی کامیاب ثالثی کے نتیجے میں پاکستان اور افغان طالبان کے درمیان جنگ بندی برقرار رکھنے پر اتفاق ہو گیا۔

مشترکہ اعلامیے کے مطابق پاکستان، افغانستان، ترکیہ اور قطر کے نمائندوں نے 25 سے 30 اکتوبر 2025 تک استنبول میں مذاکرات کیے۔ مذاکرات کا مقصد 18 اور 19 اکتوبر کو دوحہ میں طے پانے والی جنگ بندی کو مزید مضبوط بنانا تھا۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ تمام فریقین نے جنگ بندی کے تسلسل پر اتفاق کیا ہے اور اس کے مؤثر نفاذ کے لیے اعلیٰ سطح اجلاس 6 نومبر 2025 کو استنبول میں منعقد ہوگا۔

فریقین نے ایک مانیٹرنگ اور تصدیقی نظام قائم کرنے پر بھی اتفاق کیا ہے، جو امن کے تسلسل کو یقینی بنائے گا اور معاہدے کی کسی بھی خلاف ورزی پر ذمہ دار فریق کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

ترکیہ اور قطر نے بطور ثالث دونوں ممالک کے نمائندوں کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ وہ خطے میں پائیدار امن و استحکام کے قیام کے لیے اپنا کردار جاری رکھیں گے۔

ذرائع کے مطابق یہ پیش رفت پاکستان اور افغانستان کے تعلقات میں بہتری اور سرحدی صورتحال میں استحکام کے لیے ایک مثبت قدم قرار دی جا رہی ہے۔

ٹیگز: