واشنگٹن:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف سخت ترین موقف اپناتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ایرانی فوج، فضائیہ اور بحریہ کا مکمل صفایا کیا جا چکا ہے اور اب تہران معاہدے کے انتہائی قریب پہنچ چکا ہے۔ واشنگٹن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر نے واضح کیا کہ اس تاریخی ڈیل پر دستخط ہوتے ہی آبنائے ہرمز کو فوری طور پر کھول دیا جائے گا۔
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران نے باقاعدہ یقین دہانی کرا دی ہے کہ وہ اب ایٹمی ہتھیار نہیں خریدے گا۔ انہوں نے اصرار کیا کہ امریکہ کسی جلدی میں نہیں ہے کیونکہ جلد بازی میں کبھی اچھے نتائج حاصل نہیں ہوتے، اور اس وقت امریکہ جو کچھ چاہتا ہے، وہ ایران سے کامیابی کے ساتھ حاصل کر رہا ہے۔
اپنے بیان میں ایران کو آخری انتباہ دیتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ اگر یہ ڈیل ہماری شرائط کے مطابق 'اچھی ڈیل' ثابت نہ ہوئی، تو ایران کے خلاف دوبارہ فوجی آپریشن شروع کرنے میں کوئی ہچکچاہٹ محسوس نہیں کی جائے گی۔