اسلام آباد: آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے مائع پیٹرولیم گیس (ایل پی جی) کی قیمت میں کمی کر دی ہے، جس کا اطلاق یکم جون 2025 سے ہو گا۔ اس فیصلے سے گھریلو صارفین کو مہنگائی کے دباؤ میں کچھ ریلیف ملنے کی امید ہے۔
اوگرا کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، ایل پی جی کا 11.8 کلوگرام کا گھریلو سلنڈر 54 روپے 60 پیسے سستا ہو گیا ہے۔ قیمت میں کمی کے بعد گھریلو سلنڈر کی نئی قیمت 2,838 روپے 31 پیسے مقرر کی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق، فی کلو ایل پی جی کی قیمت میں 4 روپے 63 پیسے کمی کی گئی ہے، جس کے بعد فی کلو نئی قیمت 240 روپے 53 پیسے ہو گئی ہے۔
اوگرا کے اس اقدام کو عوامی سطح پر سراہا جا رہا ہے، خصوصاً ان گھریلو صارفین کی جانب سے جو پہلے سے ہی گیس کی بلند قیمتوں سے پریشان تھے۔ ماہرین کے مطابق یہ فیصلہ عالمی مارکیٹ میں توانائی کی قیمتوں میں کمی کے باعث کیا گیا ہے۔