Wed, September 16, 2026

ایران کا فوجی ڈھانچہ تباہ، آنے والے دن جنگ کا فیصلہ کر دیں گے: امریکی وزیرِ جنگ

ایران کا فوجی ڈھانچہ تباہ، آنے والے دن جنگ کا فیصلہ کر دیں گے: امریکی وزیرِ جنگ

واشنگٹن: امریکہ نے ایران کے خلاف جاری فوجی کارروائیوں میں فیصلہ کن پیش رفت کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی قیادت کے پاس اب ہتھیار ڈالنے یا مکمل تباہی کے سوا کوئی راستہ نہیں بچا ہے۔امریکی وزیرِ جنگ پیٹ ہیگسیتھ نے واشنگٹن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ امریکی افواج ایران کی فضائی حدود میں داخل ہو کر اہداف کو نشانہ بنا رہی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ "آپریشن ایپک فیوری" کے تحت ایرانی دفاعی نظام اور فوجی تنصیبات کو مفلوج کر دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کے پاس اختیارات ختم ہو چکے ہیں جبکہ ہمارے پاس آپشنز کی بھرمار ہے۔ اگر ایران نے مجوزہ ڈیل قبول نہ کی تو حملوں کی شدت میں مزید اضافہ کر دیا جائے گا۔
پریس کانفرنس کے دوران جنرل ڈین کین نے انتہائی اہم انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ امریکی حملوں میں اب تک ایرانی بحریہ کے 150 جنگی جہاز تباہ کیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ صرف فوجی مراکز ہی نہیں بلکہ ایران کی دفاعی صنعتوں اور ریسرچ سینٹرز کو بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے تاکہ تزویراتی طور پر ایران کو دوبارہ اٹھنے کے قابل نہ چھوڑا جائے۔
امریکی وزیرِ جنگ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایران کی جانب سے میزائل حملوں میں بڑی کمی دیکھی گئی ہے، جو اس بات کی علامت ہے کہ ایرانی فوجی قیادت شدید مایوسی اور دباؤ کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے بچے کھچے میزائل گرانے کے لیے امریکی دفاعی نظام ہائی الرٹ ہے۔
پیٹ ہیگسیتھ نے، جنہوں نے حال ہی میں مشرقِ وسطیٰ میں امریکی فوجیوں سے ملاقات کی ہے، دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ آنے والے چند دن اس جنگ کا حتمی فیصلہ کر دیں گے۔ انہوں نے ایرانی قیادت کو "عقل مندی" دکھانے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ اپنی سلامتی اور خطے میں اپنے اہداف کے حصول تک پیچھے نہیں ہٹے گا۔

ٹیگز: