اسلام آباد / بیجنگ: مشرقِ وسطیٰ میں جنگ کے بادل چھٹانے کے لیے پاکستان اور چین نے سر جوڑ لیے ہیں۔ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار آج ایک اہم سفارتی مشن پر چین روانہ ہو رہے ہیں، جہاں وہ امریکا اور ایران کے درمیان جاری حالیہ تنازع کے حل کے لیے چینی قیادت کو اعتماد میں لیں گے۔
ذرائع کے مطابق اسحاق ڈار بیجنگ میں چینی حکام کے ساتھ اعلیٰ سطح کی ملاقاتیں کریں گے جن کا مرکز درج ذیل نکات ہوں گے۔ نائب وزیراعظم پاکستان کی جانب سے خطے میں امن کے قیام کے لیے اٹھائے گئے اقدامات اور تجاویز چینی قیادت کے سامنے رکھیں گے۔
دونوں ممالک اس بات پر مشاورت کریں گے کہ کس طرح ایران اور امریکہ کو بڑے فوجی ٹکراؤ سے روک کر مذاکرات کی میز پر برقرار رکھا جائے۔
دورے سے قبل ہی چین نے پاکستان کے سفارتی کردار کو سراہتے ہوئے ثالثی کی کوششوں کی بھرپور حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔ چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ چین خطے میں استحکام کے لیے پاکستان کے کلیدی کردار کا حامی ہے اور پاکستان کی جانب سے جاری امن کوششوں میں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔