اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملک کی مسلح افواج قومی سلامتی کی علامت ہیں اور انہیں کسی بھی قسم کی سیاسی کشمکش یا تنقید کا ہدف نہیں بنایا جانا چاہیے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے ویڈیو پیغام میں بلاول بھٹو نے کہا کہ وطن کی سرحدوں، خصوصاً کشمیر کے محاذ پر تعینات جوان اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر ملک کا دفاع کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ پہلے بھی واضح کر چکے ہیں کہ پاکستان کی فوج ان کی جماعت اور پوری قوم کے لیے ایک ریڈ لائن کی حیثیت رکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ فوج اور پولیس کے اہلکار قومی ہیرو ہیں، اس لیے انہیں سیاسی تنازعات میں گھسیٹنا مناسب نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وطن کی خاطر جان قربان کرنے والے شہداء کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور قوم ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔
کشمیر کی سرحد پر کھڑا ہمارا سپاہی صرف سرحد کی حفاظت نہیں کرتا بلکہ وہ اپنا گھر، ماں باپ اور اپنے بچے چھوڑ کر اپنی جان خطرے میں ڈال کر پاکستان کی حفاظت کرتا ہے۔
— Bilawal Bhutto Zardari (@BBhuttoZardari) July 31, 2026
میں پہلے بھی کہہ چکا ہوں کہ پاکستان کی فوج ہماری ریڈلائن ہے۔
ہمارے سپاہی کسی سیاسی بحث کا نشانہ نہیں بننے چاہییں، وہ قوم… pic.twitter.com/SrCD4ZsvIQ
بلاول بھٹو زرداری نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ شہداء کے اہلِ خانہ کے ساتھ انصاف کیا جائے گا اور ملک کے امن و سلامتی کے لیے قربانیاں دینے والوں کی عزت و تکریم ہر حال میں برقرار رکھی جائے گی۔
اس سے قبل ایک اور ویڈیو بیان میں چیئرمین پیپلز پارٹی نے آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات سے متعلق الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا تھا کہ 2 اگست سے پہلے انتخابی دھاندلی سے متعلق موصول ہونے والی تمام شکایات کی کھلی سماعت کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن پولنگ اسٹیشنز کے نتائج اور تمام انتخابی ریکارڈ عوام کے سامنے پیش کرے تاکہ شفافیت یقینی بنائی جا سکے۔ ان کے بقول الیکشن کمیشن کا بنیادی فرض کسی مخصوص جماعت کو کامیاب کرانا نہیں بلکہ ووٹرز کے مینڈیٹ کا تحفظ کرنا ہے۔
بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ آزاد کشمیر میں انتخابات کے دوسرے مرحلے پر عوام کا اعتماد اسی صورت قائم ہوگا جب پہلے مرحلے سے متعلق شکایات کا غیرجانبدارانہ اور شفاف انداز میں ازالہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی جماعت کا مطالبہ صرف آزاد، منصفانہ اور شفاف انتخابات کا انعقاد ہے۔