کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں جولائی کے آخری کاروباری سیشن کے دوران تیزی کا رجحان دیکھنے میں آیا اور بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس 546 پوائنٹس بڑھنے کے بعد ایک لاکھ 76 ہزار 94 پوائنٹس پر بند ہوا۔ اس کے باوجود پورے مہینے کے دوران انڈیکس مجموعی طور پر 4 ہزار 207 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق جولائی میں 100 انڈیکس نے 18 ہزار 613 پوائنٹس کے وسیع دائرے میں اتار چڑھاؤ دیکھا۔ اس دوران انڈیکس کی بلند ترین سطح ایک لاکھ 88 ہزار 126 پوائنٹس جبکہ کم ترین سطح ایک لاکھ 69 ہزار 512 پوائنٹس ریکارڈ کی گئی۔
رواں ماہ سرمایہ کاروں کے درمیان تقریباً 19 کروڑ 50 لاکھ شیئرز کی خرید و فروخت ہوئی، جن کی مجموعی مالیت 862 ارب روپے رہی، جو بازار میں نمایاں کاروباری سرگرمی کی عکاسی کرتی ہے۔
کاروباری مہینے کے آخری روز مارکیٹ کی مجموعی مالیت میں 38 ارب روپے کا اضافہ ہوا، تاہم جولائی بھر کے حساب سے مارکیٹ کیپٹلائزیشن 442 ارب روپے گھٹ کر 19 ہزار 755 ارب روپے رہ گئی۔