Wed, September 16, 2026

بھارت خطے میں دہشتگردی کو ہوا دے رہا ہے، پاکستان امن کا خواہاں ہے: عطاء اللہ تارڑ

بھارت خطے میں دہشتگردی کو ہوا دے رہا ہے، پاکستان امن کا خواہاں ہے: عطاء اللہ تارڑ

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی میں بیرونی ہاتھ ملوث ہے، اور بھارت خطے میں بدامنی پھیلانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

اسلام آباد میں جنوبی ایشیا میں امن سے متعلق ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عطاء تارڑ نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ خطے میں امن قائم رکھنے کے لیے ذمہ دارانہ کردار ادا کیا ہے، لیکن بھارت میں پروان چڑھنے والا ہندوتوا نظریہ جنوبی ایشیا کے امن کے لیے ایک خطرہ بنتا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی طرف سے پہلگام واقعہ کا الزام پاکستان پر لگایا گیا، جو کہ سراسر بے بنیاد ہے۔ پاکستان نے اس معاملے پر عالمی برادری سے غیر جانبدار تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے اور سفارتی سطح پر اپنا موقف پوری قوت سے پیش کیا ہے۔

عطاء تارڑ نے واضح کیا کہ پاکستان دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے اور 90 ہزار سے زائد جانوں کی قربانی دے چکا ہے۔ ان کے مطابق پاکستان ہر قسم کی جارحیت کا جواب دینے کی پوری صلاحیت رکھتا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارت پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کی کوشش کر رہا ہے، جو ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی پاکستان کسی صورت برداشت نہیں کرے گا۔

مسئلہ کشمیر پر بات کرتے ہوئے عطاء تارڑ نے کہا کہ یہ تنازع اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہی حل ہونا چاہیے، اور جب تک یہ مسئلہ حل نہیں ہوتا، خطے میں پائیدار امن ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ عالمی توجہ سے کشمیر کا مقدمہ دوبارہ اجاگر ہوا ہے، اور پاکستان اس معاملے کو ہر سطح پر اٹھاتا رہے گا۔

ٹیگز: