کیلیفورنیا: کیلیفورنیا سے موصولہ اطلاعات کے مطابق ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے اپنے جی میل اور کلاؤڈ سروسز استعمال کرنے والے صارفین کو ایک بڑے خطرے سے آگاہ کیا ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ ایک منظم ہیکرز گروہ نے وسیع ڈیٹا بیس تک رسائی حاصل کرنے کے بعد جی میل اکاؤنٹس کو ہدف بنانا شروع کر دیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق یہ سائبر حملے سیلز فورس کے کلاؤڈ پلیٹ فارم میں سکیورٹی نقائص کے بعد سامنے آئے، جس کے نتیجے میں گوگل کے صارفین مزید آسان شکار بن گئے۔ یاد رہے کہ جی میل اور گوگل کلاؤڈ سروسز دنیا بھر میں لگ بھگ ڈھائی ارب افراد استعمال کرتے ہیں۔
گوگل نے صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنے اکاؤنٹس پر کسی بھی غیر معمولی سرگرمی کے حوالے سے محتاط رہیں اور اپنی سکیورٹی مضبوط بنانے کے لیے فوری اقدامات کریں۔
کمپنی کے تھریٹ انٹیلی جنس یونٹ نے جون میں ان حملوں کے خطرے کی نشاندہی کی تھی، جبکہ اگست میں یہ بات واضح ہوگئی کہ متعدد صارفین کے پاس ورڈز افشا ہونے کی وجہ سے کامیاب دراندازیاں ہو چکی ہیں۔