Wed, September 16, 2026

لاہور میں سموگ اور آلودگی کا خاتمہ:’’لنگز آف لاہور‘‘ منصوبہ کا آغاز

لاہور میں سموگ اور آلودگی کا خاتمہ:’’لنگز آف لاہور‘‘ منصوبہ کا آغاز

لاہور :  وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت، پنجاب حکومت نے لاہور کی فضائی آلودگی اور سموگ کو کم کرنے کے لیے ’’لنگز آف لاہور‘‘ کے نام سے ایک انقلابی منصوبہ شروع کر دیا ہے۔ اس منصوبے کا مقصد لاہور کے ارد گرد ایک سرسبز جنگل کا پھیلاؤ کرنا ہے، جو نہ صرف آلودگی میں کمی لائے گا بلکہ شہر کی ترقی کی سمت کو بھی بہتر بنائے گا۔

محکمہ ہاؤسنگ کے ترجمان کے مطابق، اس منصوبے کے تحت لاہور میں 48 لاکھ سے زائد درخت لگائے جائیں گے۔ لاہور کے گرد جنگل نما حد بندی کی کل لمبائی 112 کلومیٹر ہوگی، اور اس کا رقبہ 1711 ایکڑ پر پھیلے گا۔ یہ منصوبہ تین مراحل میں مکمل ہوگا، جس کا آغاز 59 کلومیٹر طویل ’’رنگ فاریسٹ‘‘ سے ہوگا، جو 1210 ایکڑ پر بنے گا۔ دوسرے اور تیسرے مراحل میں بالترتیب 31 اور 22 کلومیٹر طویل جنگلات کا اضافہ کیا جائے گا۔ پہلے مرحلے کی تکمیل ایک سال کے اندر متوقع ہے۔

یہ منصوبہ نہ صرف لاہور کی فضائی آلودگی میں کمی لائے گا بلکہ شہر کی قدرتی خوبصورتی اور ماحول کو بھی بہتر کرے گا۔ اس منصوبے کی تکمیل سے تقریباً 2 کروڑ افراد کو فائدہ پہنچے گا اور لاہور ایک بار پھر ’’باغوں کا شہر‘‘ بن سکے گا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے مطابق، یہ منصوبہ لاہور کو ماحولیاتی طور پر صاف ستھرا بنانے کے لیے ایک بڑا قدم ہے، جبکہ سینئر وزیر مریم اورنگزیب بھی اس منصوبے کے حوالے سے بھرپور سرگرمی سے کام کر رہی ہیں تاکہ اس کی جلد تکمیل ہو۔

ٹیگز: