بوسان : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور چینی صدر شی جن پنگ کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں دونوں ممالک کے تجارتی تعلقات پر تفصیل سے گفتگو کی گئی۔ صدر ٹرمپ نے کہا کہ انہیں پورا یقین ہے کہ یہ ملاقات کامیاب ہو گی اور آج امریکہ اور چین کے درمیان تجارتی معاہدے پر دستخط ہو سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کئی معاملات پر پہلے ہی اتفاق کر چکے ہیں، اور کچھ مزید امور پر بھی بات چیت مکمل ہو جائے گی۔
چینی صدر شی جن پنگ نے اس موقع پر کہا کہ چین اور امریکہ کو ایک دوسرے کا دوست ہونا چاہیے اور دونوں ممالک کے درمیان اختلافات فطری ہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ دونوں ملکوں کی تجارتی ٹیموں نے اہم نکات پر اتفاق کیا ہے اور ان اختلافات کے باوجود دونوں ممالک کو اپنے تعلقات مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔
ملاقات سے پہلے، صدر ٹرمپ نے صحافیوں کے سوالات کے جواب میں کہا کہ چین کے ساتھ مذاکرات ہمیشہ مشکل ہوتے ہیں، کیونکہ چینی صدر ایک سخت مذاکرات کار ہیں، لیکن وہ اس بات پر پختہ یقین رکھتے ہیں کہ اس ملاقات کا نتیجہ مثبت نکلے گا۔