لاہور : پنجاب کے مختلف شہروں میں سموگ کی شدت میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، جس کے باعث فضائی آلودگی نے شہریوں کی صحت کے لیے سنگین خطرات پیدا کر دیے ہیں۔ فیصل آباد، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور ملتان میں فضا انتہائی مضر صحت ہو چکی ہے، جب کہ لاہور ابھی بھی دنیا کے سب سے آلودہ شہروں میں شامل ہے۔
لاہور میں ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 485 تک پہنچ گیا، جو کہ بہت زیادہ آلودگی کی نشاندہی کرتا ہے۔ بھارتی دارالحکومت دہلی کا ایئر کوالٹی انڈیکس بھی 445 تک جا پہنچا، جبکہ فیصل آباد میں یہ 833، گوجرانوالہ میں 764 اور ملتان میں 305 ریکارڈ کیا گیا ہے، جو کہ فضائی آلودگی کی خطرناک سطح کو ظاہر کرتا ہے۔
اس صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے محکمہ ماحولیات نے سموگ کے اثرات کم کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے ہیں۔ پبلک مقامات اور اہم شاہراہوں پر ڈرائی سویپنگ اور چونے سے صفائی کرنے پر پابندی لگا دی گئی ہے، تاکہ مزید آلودگی نہ پھیل سکے۔