Wed, September 16, 2026

لاہور آج بھی آلودہ شہروں میں سرفہرست ، فضائی آلودگی کی سطح انتہائی خطرناک حد تک پہنچ گئی

لاہور آج بھی آلودہ شہروں میں سرفہرست ، فضائی آلودگی کی سطح انتہائی خطرناک حد تک پہنچ گئی

لاہور: عالمی فضائی آلودگی کی تحقیق کرنے والے ادارے آئی کیو ایئر کی رپورٹ کے مطابق، لاہور ایک بار پھر دنیا کے سب سے آلودہ شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر آ گیا ہے، جب کہ کراچی چوتھے نمبر پر موجود ہے۔ لاہور میں ایئر کوالٹی انڈیکس 312 تک پہنچ چکا ہے، اور شہر کے مختلف علاقوں میں فضائی آلودگی کی سطح انتہائی خطرناک حد تک پہنچ گئی ہے۔

ماہرین کے مطابق لاہور میں سموگ کی اوسط شرح 362 ریکارڈ کی گئی ہے، اور شہر کے علامہ اقبال ٹاؤن میں ایئر کوالٹی انڈیکس 589 تک جا پہنچا ہے۔ پنجاب کے دوسرے شہروں جیسے چک جھمرہ، فیصل آباد، رائیونڈ اور ملتان میں بھی فضائی آلودگی کا شدید بحران جاری ہے، خاص طور پر چک جھمرہ میں ایئر کوالٹی 664 ریکارڈ کی گئی ہے۔

پنجاب حکومت نے اس سنگین صورتحال کا مقابلہ کرنے کے لیے مختلف اقدامات شروع کیے ہیں، جن میں اینٹی اسموگ گن کا استعمال، پلاستک بیگ پر پابندی، اور اینٹوں کے بھٹوں کو جدید زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کرنا شامل ہے۔ پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ فضائی آلودگی پر قابو پانے کے لیے عوام کا تعاون ضروری ہے، اور حکومت ہر سطح پر اس مسئلے سے نمٹنے کی کوشش کر رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سموگ کی وجہ سے لوگوں کو سانس کی بیماریاں بڑھ رہی ہیں، اور خاص طور پر بچے اس سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔ شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ فضائی آلودگی کی شدت کے دوران غیر ضروری طور پر باہر نہ نکلیں۔

دنیا بھر میں فضائی آلودگی کے خطرات بڑھتے جا رہے ہیں، اور لاہور جیسے بڑے شہر میں اس کی شدت کا یہ بڑھنا ایک سنگین چیلنج ہے، جسے فوری طور پر قابو پانے کی ضرورت ہے۔

ٹیگز: