Wed, September 16, 2026

بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیاں، 18 دہشت گرد ہلاک

بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیاں، 18 دہشت گرد ہلاک

کوئٹہ: پاکستان کی سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے بھارتی حمایت یافتہ 18 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ یہ آپریشنز چلتن اور کیچ کے پہاڑی علاقوں میں کیے گئے۔

پہلا آپریشن ضلع کوئٹہ کے علاقے چلتن میں ہوا، جہاں سکیورٹی فورسز کو دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی۔ فورسز نے فوراً کارروائی کی اور دہشت گردوں کے ساتھ شدید جھڑپ میں 14 دہشت گرد مارے گئے۔

دوسرا آپریشن ضلع کیچ کے علاقے بلیدہ میں کیا گیا، جہاں دہشت گردوں کی پناہ گاہ کو نشانہ بنایا گیا۔ اس کارروائی میں بھارتی حمایت یافتہ 4 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں سے اسلحہ، گولیاں اور بارودی مواد بھی برآمد کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے اپنے سرچ آپریشنز جاری رکھیں گی، اور یہ آپریشن تب تک جاری رہیں گے جب تک آخری دہشت گرد کو نہیں مار ڈالا جاتا۔

صدر آصف علی زرداری نے ان کارروائیوں کو سکیورٹی فورسز کی بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے عزم کا واضح اشارہ ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے سکیورٹی فورسز کے حوصلے کی تعریف کی اور کہا کہ پوری قوم دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں اپنے فوجی اہلکاروں کے ساتھ کھڑی ہے۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی نے بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو شکست دی۔ 

ٹیگز: